آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے معاشی بحالی کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا عزم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا ساتواں اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف، نگران کابینہ کے ارکان، نگران صوبائی وزراءِ اعلی اور متعلقہ اعلی حکومتی اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس کو مختلف وزارتوں کی جانب سے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور متعین شدہ اہداف کے بروقت حصول میں سہولت کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر پیش رفت کو انتہائی اطمینان بخش قرار دیا جبکہ کمیٹی نے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے دوست ممالک سے روابط میں تیزی، سرکاری و نجی اداروں سے تعاون کے اقدامات کی تعریف کی۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی اجلاس، اجلاس میں عسکری قیادت نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی، اجلاس میں ملک میں خلیجی ممالک کی سرمایہ کاری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا #BOLNews #AnwarulHaqKakar pic.twitter.com/XzjfktI4lO
— BOL Network (@BOLNETWORK) November 16, 2023
کمیٹی نے سرمایہ کار براداری کے ساتھ مختلف اقدامات کے حوالے سے مؤثر طریقے سے روابط بڑھانے کی بھی تعریف کی جس کی بدولت ملکی و غیر ملکی سطح پر منصوبوں کے حوالے سے پیش رفت میں تیزی واقع ہوئی ہے۔
ایپکس کمیٹی نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کے پالیسی اقدمات کا بھی جائزہ لیا۔ ان پالیسی اقدامات میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے منافع کی منتقلی، ملک میں کاروباری تنازعات کے حل کے عمل، مواصلاتی بنیادی ڈھانچے اور افرادی قوت کی بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی، ایگزم بنک کو ترجیحی بنیادوں پر فعال بنانا شامل ہے۔
کمیٹی نے ملک میں تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کرکے اس مسئلے کے پائیدار حل کیلئے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ کمیٹی نے خسارے کا شکار سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کا جائزہ لیا اور اس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے تمام متعلقہ اداروں و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ کونسل کے تحت اقدامات پر بھرپور تعاون و محنت سے عمل کیا جائے تاکہ پاکستان نہ صرف قلیل و وسط مدتی ثمرات سے فائدہ اٹھا سکے بلکہ ملک کے وسیع تر مفاد میں طویل مدتی اقدامات کی راہ بھی ہموار ہو۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی پائیدار معاشی بحالی میں پاک فوج کے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا یقین دلایا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
