Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی تمام سندھیوں کو ثقافتی دن پر مبارکباد

سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے تمام سندھیوں کو ثقافتی دن منانے پر مبارکباد دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے تمام سندھیوں کو ثقافت کا دن منانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ثقافت امن، محبت، بہادری، مہمان نوازی کی تاریخ ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ قومیں اپنی ثقافت سے پہچانی جاتی ہیں، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان میں بسنے والی تمام قوموں کی ثقافت کو زندہ رکھنے لیئے وزارت قائم کی، اسلام آباد میں قائم لوک ورثہ ملک میں بسنے والی قوموں کی ثقافت کی تاریخ بیان کرتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم ثقافتِ سندھ پر پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی سدا بہار ثقافت دنیا کی ایک قدیم ترین و خوبصورت تہذیب کا عکس ہے، سندھ کی ثقافت کا مرکز موھن جو دڑو ہے، سندھ کے لوگ تاریخی طور پر امن رواداری پسند اور وطن دوست ہیں، اہلیانِ سندھ فن و فطرت سے پیار کرنے والے بھی ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ثقافتی تنوع ہمارے معاشرے کی خوبصورتی اور دنیا کے لیے قومی یکجہتی کا بے مثال نمونہ ہے، بامقصد ثقافتی سرگرمیاں معاشرے میں نفرت تقسیم اور شدت پسند سوچ کے لیے زہر ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی تمام ثقافتوں کو مساوی اہمیت و درجہ دینے میں یقین رکھتی ہے، اپنی قابلِ فخر قدیم تہذیب اور خوبصورت ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کر کے دنیا کے آگے پاکستان کا مثبت چہرہ پیش کرنا ہمارا منشور ہے۔

واضح رہے کہ سندھ کے عوام آج ’سندھی یوم ثقافت‘ کا دن منا رہے ہیں۔

سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پر سندھ کے مختلف مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں شرکاء سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے شرکت کر رہے ہیں۔

ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو منایا جانے والا سندھ یوم ثقافت کو سندھ کے باسی عید کے تہوار کی طرح مناتے ہیں۔

اس سلسلے میں آج بھی ہر کوئی سندھ کے روایتی رنگوں میں رنگا ہوا ہے اور سندھی ٹوپی اور اجرک زیب تن کیے سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ اس دن کو بھرپور انداز سے منایا جا رہا ہے۔

آج مختلف تقریبات میں سندھی ثقافتی ٹیبلو پیش کر کے یا علاقائی گیتوں پر والہانہ جھوم کر اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

سندھی ثقافت کے دن نوجوان بزرگ اور بچے اپنی پسند کی اجرکیں اور ٹوپیاں خریدنے میں مصروف ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version