Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں، نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے چائنہ ونڈو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کا بنیادی کام انتخابات کا صاف و شفاف انعقاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن اور  عدالت عظمیٰ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائے گی

سید ارشد حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ صوبے میں امن و امان ہماری اولین ترجیح ہے جبکہ سکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس سلسلے میں مربوط اور موثر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں جاری سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس مقصد کے لئے اسپیشل سکیورٹی یونٹ قائم کیا گیا ہے، عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبے کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں جبکہ نگران وزیر اعظم خیبر پختونخوا کے ساتھ خصوصی ہمدردی رکھتے ہیں اور تعاون بھی کر رہے ہیں، اس وقت پورا ملک معاشی بحران کا شکار ہے لیکن مشترکہ کوششوں سے ملک کو اس بحران سے نکالیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم بہت جلد خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام کا اجراء کرنے جارہے ہیں اور امن و امان کا قیام اس پروگرام کا اہم جز ہے، ہم امن وامان کی صورتحال کو بہتر کرکے یہاں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو راغب کریں گے۔

سید ارشد حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ خوشحال پختونخوا پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہنر سکھائے جائیں گے، اس مقصد کے لئے نوجوانوں کو شارٹ کورسز کروائیں گے اور اس پروگرام کے تحت سالانہ پانچ لاکھ ہنرمند نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجا جائے گا جبکہ اس پروگرام کے تحت بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے تمام شعبوں میں اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں، ہم اپنی مختصر مدت میں اچھی شروعات لیں گے اور آنے والی حکومت کو ایک اچھا روڈ میپ دیں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پشاور میں چائنہ ونڈو کا قیام پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک بہترین کاوش ہے اور اس سلسلے میں چائنہ ونڈو کے منتظمین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version