چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف دلائیں گے تاکہ آئندہ کسی وزیر اعظم کے ساتھ ایسا نہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک مشکل میں ہو تو ہم نے ہمیشہ اپنے سیاسی مفادات کو ایک طرف رکھا، اس وقت ملک کو پھر دہشتگردی کا سامنا ہے، پختونخوا کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جب افغانستان میں طالبان کی حکومت آئی تو وہاں کی جیلوں میں بھی بہت بڑے دہشتگرد جو بند تھے وہ آزاد ہو گئے، ہم نے کبھی اس چیز کی حمایت نہیں کی کہ دہشتگردوں کو دوبارہ آبادکاری نصیب ہو، اس طرح کے ایک فیصلے نے پاکستان کو کئی سال دوبارہ پیچھے دھکیل دیا، میرا سب سے پہلا مطالبہ ہے کہ دہشتگردوں کو آبادکاری دینے والے سامنے لائے جائیں، کون ہے جس نے شہیدوں کے خون کا سودہ کیا؟
ان کا کہنا تھا کہ میں وکلاء برادری کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، انہوں نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف دلانے کیلئے جو جدوجہد شروع کر رکھی ہے میں اسکا احسان مند ہوں، ہم اس ملک میں عدالتی نظام کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں، ملک کے وزیراعظم کو زبردستی پھانسی دلوائی گئی تھی، وہ وزیراعظم جو اس ملک کے آئین کا بانی تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وزیراعظم کو پھانسی دی گئی جس نے پوری مسلم امہ کو اکٹھا کیا تھا، ذوالفقار علی بھٹو نے مسلم امہ کو بتایا تھا کہ ان کے ممالک میں تیل نہ صرف کمائی کا ذریعہ ہے بلکہ ان کی طاقت ہے، اس وقت امریکہ کے سیکرٹری اسٹیٹ نے براہ راست پاکستان کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو دھمکیاں دی تھیں۔
