الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے اپیلٹ ٹربیونلز لگانے کے لیے عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے اپیلٹ ٹربیونلز لگانے کے لیے عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہنگامی مراسلے جاری کردیے ہیں۔
جاری کردہ مراسلے میں الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ ملک بھر کے پانچوں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان سے رابطہ کیا جائے، چیف جسٹس ہائیکورٹس سے اپیلٹ ٹربیونلز کے لئے تجاویز لی جائیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کےلیے اپیلٹ ٹربیونلز ہائیکورٹس کےججز پر مستمل ہوں گے، اپیلٹ ٹربیونلز میں ریٹرنگ افسران کے فیصلوں کو چیلنج کیا جا سکے گا۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہنگامی بنیادوں پر ہائیکورٹس سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اپیلٹ ٹربیونلز میں کاغذات نامزدگیوں پر آر اوز کے فیصلے چیلنج ہوسکیں گے۔
الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں عام انتخابات کا شیڈول جاری کردیا
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، ریٹرننگ افسران 19 دسمبر کو پبلک نوٹس جاری کریں گے۔
شیڈول کے مطابق عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی 20 تا 22 دسمبر جمع کرائے جاسکیں گے جبکہ امیدواروں کی ابتدائی فہرستیں 23 دسمبر کو جاری ہوں گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 23 دسمبر کو امیدواروں کی فہرست جاری ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 سے 30 دسمبر تک ہوگی۔
3 جنوری کو کاغذات کی منظوری اورمسترد ہونے پر اپیلوں کی سماعت ہوگی جبکہ 10 جنوری 2024ء کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا۔
11 جنوری 2024ء کو امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری کی جائے گی۔
