ایم کیوایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ میرا مخالف بھی ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کراچی بلدیہ ٹاؤن میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جہاں جہاں ظلم ہے ظالم کے مضبوط ہونے سے نہیں ہے، ظلم اگر بڑھ رہا ہے تو مظلوم کی خاموشی سے بڑھ رہا ہے، اس شہر میں، صوبے میں خاص طور پر جو ظلم ہے اس کی مثال نہیں ملتی، پڑوسی ملک بھارت چاند پر جا رہا ہے جبکہ پاکستان میں بچے گٹر میں گر کر مر رہے ہیں، عوام راتوں کو ٹاک شو دیکھ کر حکمرانوں کو گالیاں دے کر سو جاتے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پینے کا پانی گھر میں آتا نہیں جبکہ سیوریج کا پانی گھر سے جاتا نہیں ہے، جب تک مظلوم ظلم کیخلاف نہیں اٹھے گا ظالم طاقتور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ان ظالم حکمرانوں کیخلاف آواز اٹھانے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے،15 سال کی حکمرانی کے بعد بلاول بھٹو پورے ملک میں الیکشن مہم چلا رہے ہیں، بلاول صاحب لاہور میں کھڑے ہو کر یہ کہہ سکتے ہیں مجھے ووٹ دو اسے کراچی بنا دوں گا، فیصل آباد میں کھڑے ہو کر یہ کہہ سکتے ہیں پیپلزپارٹی حیدرآباد اور لاڑکانہ بنا دے گی جبکہ لاہور میں بچے گٹر میں گر کر نہیں مرتے، پورے سندھ میں ایک ماڈل طرز کی یوسی نہیں ہے، گٹر کے بہتے پانی کے اوپر سے گزر کر لوگ مسجدوں میں جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کون لوگ ہیں جو سب کچھ جانتے ہوئے بھی ظالم کو اپنے ووٹوں سے مضبوط کر رہے ہیں، میری اور آپ کی کوشش ہونی چاہئے ہر مظلوم کو سمجھائیں ظالموں کو ایوان میں نہ بھیجیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایک دفعہ یہ پاکستان حوالے کرو ہم ایسے بنا دیں گے جیسے پورا کراچی بنایا تھا، جب کراچی سوتا تھا تو مصطفیٰ کمال اور اس کے لوگ جاگ کر اس شہر کی خدمت کرتے ہیں،30 ہزار کروڑ اس شہر پر اپنے ہاتھوں سے خرچ کیے، میرا مخالف بھی ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔
