نو منتخب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بڑا اقدام اٹھا لیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ منتخب ہونے کے بعد اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن ایسا ناسور ہے جو اس ملک کی تباہی کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممبران اسمبلی قرآن پر حلف اٹھائیں نہ کرپشن کریں گے نہ کرپشن کرنے دینگے، تمام اراکین حلف اٹھائیں جو کرپشن کرے گا ہم اسے نہیں چھوڑیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ لوگ باہر سے آکر لوٹ کر واپس چلے جاتے ہیں، ہم یہاں پر نیا قانون بنائیں گے، کوئی چوری کریگا اس کیخلاف ہم جہاد کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ پختونخواہ کی عوام کو پیغام دے رہا ہوں کرپشن کیخلاف جہاد کریں، کسی کی جرات نہیں آپ سے پیسے مانگے رشوت لے، رشوت لینے اور دینے والا دونوں جہنمی ہیں۔
نو منتخب وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں دیکھتا ہوں کس میں پیسے لوٹنے کی جرات ہے، اگر ہم نے یہ جہاد کرلیا تو90 فیصد مسائل حل ہو جائیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم سب سے پہلے دہشت گردی ختم کریں گے، کوئی قوم بغیر امن کے ترقی نہیں کرسکتی، ہم نے سب سے پہلے اپنے لوگوں اور بچوں کو محفوظ کرنا ہے، ہماری قوم عوام نے قربانیاں دی ہیں، اللہ سے دعا ہے دہشت گردی کرنے والوں کے ذہنوں کو بدلے۔
انہوں نے کہا کہ قرضے لیکر قومیں ترقی نہیں کرتیں، ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے، جنہوں نے پیسہ لوٹا، کمایا، کھایا ہے لیکن حکومت کا ساتھ نہیں دے رہے، غیر قانونی کان کنی کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی، جو بھی مائننگ کررہا ہے اگر حکومت کو حق نہیں دیں گے توبند کرائیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کے پی کی معدنیات سے کے پی کے عوام کو حق دلایا جائے، حکومت کا ایک پرسنٹیج ہو گا جو آپ کو بھرنا پڑے گا، برابری کی بنیاد پر ایسا قانون بنے گا جو سب کے لئے ہوگا۔
نو منتخب وزیراعلیٰ نے کہا کہ تیار رہو، حق نہ ملا تو ساڈا حق اتھے رکھ، پاکستان ہمارا ملک ہے ہمیں اس بات کی خوشی ہے، ہم نے ریاست مدینہ کے ماڈل کو فالو کرنا ہے، یکم رمضان سے کے پی عوام کو ہیلتھ کارڈ ملنا شروع ہو جائیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ غریبوں کیلئے جو پناہ گاہیں بنائی تھیں وہ بند ہیں دوبارہ کھول دی جائیں گی، اپنا ایمان مضبوط کریں، خوف کا بت توڑ دیں ورنہ حقیقی آزادی نہیں ملے گی، آج میں جو یہاں کھڑا ہوں ایمان کیساتھ کھڑا ہوں، آپ لوگ یہاں پرایمان کیساتھ بیٹھے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اللہ ہم سے خوش تب ہونگے جب ہم اس کی مخلوق کی مدد کرینگے، اوورسیز پاکستانی ہمارا بڑا اثاثہ ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے صوبائی حکومت کمیشن بنائے گی ہم عوام کے مینڈیٹ سے آئے ہیں عوام کیلئے قانون سازی کریں گے۔
