پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق شرجیل میمن نے سندھ اسمبلی میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری نے پارلیمان کو اختیارات دیئے ہیں، وہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے ماضی میں پہلے دفعہ اپنے اختیارات نیچے منتقل کئے، سابق صدر نے این ایف سی اور سی پیک کے تاریخی کام کئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری چاروں صوبوں کو جوڑیں گے، وہ تمام اداروں کو ساتھ بٹھائیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ملک کو آگے چلنا ہے تو نفرت اور الزام تراشی کی سیاست ختم کرنا ہوں گے، مولانا فضل الرحمن کل بات سامنے ہے کہ ووٹ نہیں دیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی پی ٹی آئی کو بُرے لگتے تھے، انہوں نے اداروں کو بُرا بھلا بولا اور آج وہ پی ٹی آئی کے امیدوار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف جو باتیں کرے وہ پی ٹی آئی کا پسندیدہ امیدوار ہے، اچکزئی صاحب بتائیں 2018 میں انتخابات کس طرح ہوئے؟ اچکزئی اُس جماعت کے امیدوار ہیں جو چور دروازے سے اقتدار میں آئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج الیکشن کے بعد پاکستان کا نیا سفر شروع ہوگا۔
