وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے کے لئے تاجر دوست اسکیم کو کامیاب بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تاجر دوست اسکیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے منصوبوں، ٹیکس فراڈ اور جعلی انوئسز سے متعلق اُمور پر بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں محصولات جمع کرنے اور ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن سمیت دیگر اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ وزیر خزانہ نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر دوست سکیم چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے کے لئے تاجر دوست اسکیم کو کامیاب بنانے کے لئے پر عزم ہے، ٹیکس فراڈ، جعلی انوائسز اور دھوکہ دہی سے چوری کئے گئے سیلز ٹیکس کی وصولی کے لئے موثر طریقہ کار وضع کیا جائے۔
