Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین کا دورہ کامیاب رہا، مستقبل میں اس دورے کے اثرات نظر آئیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کا دورہ کامیاب رہا، مستقبل میں اس دورے کے اثرات نظر آئیں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ چین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کا دورہ بہت کامیاب رہا، جلد ہی چین کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آئے گا۔

کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے دورہ چین کو انتہائی کامیاب اور مفید قرار دیا اور کہا کہ چین کے دورے پر کابینہ کو اعتماد میں لینا چاہتا ہوں، جانے سے پہلے کئی اجلاس ہوئے ہم پوری تیاری سے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی اعلیٰ قیادت سے مفید بات چیت ہوئی، چینی حکومت اور سفیر سے میٹنگ ہوئی، ان کے کچھ خدشات تھے مگر مثبت نوٹ پر اختتام ہوا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شی آن کے دورے پر استقبالیہ دیا گیا، چینی سفیر کی باتوں سے احساس ہوا کہ دورہ بڑا کامیاب اور مفید رہا ہے، میں تمام کابینہ اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اسے کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں بڑا موقع دیا، سی پیک ٹو بھی تیزی سے چلے گا اس پر بڑی تفصیل سے گفتگو ہوئی، سی پیک کے حوالے سے اہم امور زیر بحث آئے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ مستقبل میں اس دورے کے اثرات نظر آئیں گے اور پاک چین دوستی مزید مستحکم ہوگی، سب کی کاوشیں اور محنت رنگ لائیں، دورہ چین کا مثبت اختتام ہوا۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ کابینہ کو معاشی صورتحال اور بجٹ تیاری پر بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کابینہ نے نیشنل ساکول آف پبلک پالیسی کے بورڈ آف گورنرز کے نامزد شدہ ارکان کی تعیناتی اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کے اسلام آباد سے رکن کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں نیب اور سری لنکا کے کرپشن کے خاتمے کے ادارے کے مابین مفاہمتی یادداشت کی منظوری بھی دے دی گئی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی اداروں کے 13 مئی اور 20 مئی کے اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی گئی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 مئی، 27 مئی کے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے قانونی امور کے 5 جون کے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version