کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر محسن نقوی نے برہانی محل اور شاہ شہیدان امام بارگاہ کا دورہ کیا جہاں انکی داودی بوہرہ برادری کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین سے ملاقات ہوئی۔
سیدنا مفضل سیف الدین کے صاحبزادے شاہ زادہ حسین برہان الدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محسن نقوی نے سیدنا مفضل سیف الدین کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آمد پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، آپ کی آمد ہمارے لئے باعث افتخار ہے، آپ سے عقیدت و احترام کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، داودی بوہرہ برادری امن پسند اور محبت کرنے والی کمیونٹی ہے۔
سیدنا مفضل سیف الدین نے داودی بوہرہ کمیونٹی سے متعلق امور کے فوری حل پر وزیرداخلہ کا شکریہ ادا کیا اور خوبصورت چادر اور تبرکات کا تحفہ دیا۔
اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے سولجر بازار میں شاہ شہیدان امام بارگاہ میں انتظامات کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔
دوسری جانب محسن نقوی کی مولانا آیت اللہ عقیل الغربی اور سابق نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر سے بھی ملاقات ہوئی۔
اس دوران وفاقی وزیر محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہ شہیدان امام بارگاہ پر سیکیورٹی اور دیگر انتظامات بہترین ہیں، وفاق محرم الحرام میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کے ساتھ رابطے میں ہے، محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران مولانا آیت اللہ عقیل الغربی اور مقبول باقر نے امن عامہ کے بہترین انتظامات پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
