Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آنے والے وقتوں میں ماحولیاتی تغیر بہت بڑا چیلنج ہے، عطاء تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آنے والے وقتوں میں ماحولیاتی تغیر بہت بڑا چیلنج ہے۔

وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے سی ڈی اے کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کا شمار خوبصورت ترین شہروں میں ہوتا ہے، ہمیں فخر ہے کہ اسلام آباد ہمارا کیپیٹل ہے، مارگلہ نیشنل پارک اسلام آباد اسلام آباد کی پہچان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہوا کا معیار باقی شہروں سے بہتر ہے، درخت زیادہ سے زیادہ لگانے سے ماحول میں بہتری آئے گی، آنے والے دنوں میں موسمیاتی تبدیلی ایک بہت بڑا چیلنج ہوگا۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستان کاربن کا صرف 2 فیصد اخراج کرتا ہے جبکہ ہمارا نقصان 90 فیصد ہے، دنیا کے کئی ممالک میں کاربن کا اخراج زیادہ ہے، ماحولیاتی تغیر کے اثرات سے نمٹنے میں ان ممالک کو پاکستان سے تعاون کرنا چاہیے۔

انکا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے شہری شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں، اسلام آباد کے شہری اپنے لگائے گئے درخت کو ایپلی کیشن کے ذریعے ٹریک کر سکیں گے، ایپلی کیشن کے ذریعے درختوں کی نشوونما اور بڑھوتری دیکھی جا سکے گی، ہماری بقاء درختوں کے ساتھ منسلک ہے، ہمیں درخت لگانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی بی اے سمیت تمام میڈیا اپنی نشریات کا کچھ حصہ موسمیاتی تغیر کے لئے مختص کرے، ٹی وی پروگراموں میں ٹی پلانٹیشن پر بات ہونی چاہیے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی آب و ہوا کو صاف رکھیں، زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version