وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے اصل دشمنوں کو پہچانیں۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈیجیٹل دہشتگرد کون ہیں ان کے پیچھے کون ہے پوری قوم جان چکی ہے، نوجوان نسل کو منظم پلاننگ کے تحت ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف بھڑکایا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ملک کے خلاف سازش وہ شخص کر رہا جس کے اپنے بچے لندن میں لگژری لائف گزار رہے ہیں، 9مئی کے واقعات کے بعد بھی اگر کچھ والدین نے سبق نہیں سیکھا تو ان کا اللہ حافظ ہے۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ ایک مخصوص ٹولہ اور ان کے سہولت کارایجنڈے کے تحت پاکستان میں بدامنی انتشار اور تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں، کبھی اسمبلیوں سے استعفیٰ، کبھی جیل بھرو تحریک اور کبھی بھوک ہڑتالیں، ناکام خان کی ناکام تحریکیں اسکے لیے باعث ذلت و شرمندگی بن چکی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس ٹولے کے تمام بیانیے ان کی ناکام سیاست کی طرح پٹ چکے ہیں، یہ لوگ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں، جو بھی منفی پروپگنڈہ پر مبنی مہم چلتی ہے اس کے پیچھے اڈیالہ جیل میں بیٹھا شخص ہوگا، اڈیالہ جیل کا قیدی اور اس کی جماعت پاکستان کے لیے قابل قبول نہیں۔
