عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکیج کی منظوری کا معاملہ پرآئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس اگست کے وسط میں بلائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 12 جولائی کو طے پایا تھا، جبکہ آئی ایم ایف بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کے 4 سے 6 ہفتوں بعد حتمی منظوری دے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ بورڈ اجلاس سے پہلے پاکستان کو ایکسٹرنل فنانسنگ کی یقین دہانی حاصل کرنا ہوں گی، اس کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلی، قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کیلئے فنڈنگ پرجلد بات چیت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے کلائمنٹ فنانسنگ کیلئے پاکستان کی مجوزہ درخواست پرغورکا عندیہ دیا ہے، اس کے علاوہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق طویل مدتی ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کرنا ہوگی۔
ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا آر ایس ایف پروگرام سستی اور طویل مدتی فنانسنگ فراہم کرتا ہے، جبکہ اس مقصد کیلئے دیگر عالمی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔
