صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں پاکستان کے کاروباری اداروں کو درپیش مسائل سے آگاہ ہوں۔
صدر آصف علی زرداری سے ڈاکٹر گوہر اعجاز کی قیادت میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں تاجروں اور 40 علاقائی کاروباری تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے نمٹنے کیلئے سب کیلئے سودمند حل تلاش کرنا ہوگا، کیپسٹی چارجز کے مسئلے کا قابلِ عمل حل تیار کرنے کیلئے کاروباری برادری ایک کمیٹی تشکیل دے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی شعبہ توانائی کے مسائل کے حل کیلئے صدر مملکت کے دفتر کے ساتھ مل کر کام کرے، صدر مملکت کا دفتر کاروباری برادری کی کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت، عوام، تاجر برادری ، پیداواری کمپنیوں سمیت سب کیلئے سودمند حل تلاش کیا جانا چاہیے، متفقہ حل تیار کیا جائے تاکہ کسی اسٹیک ہولڈرز کو نقصان نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کاروباری اداروں کو درپیش مسائل سے آگاہ ہوں، ادراک ہے کہ مہنگے خام مال ، توانائی اور ایندھن کی وجہ سے کاروباری شعبے کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے عوام، صنعتوں، زراعت اور برآمدات کے شعبے پر بوجھ پڑ رہا ہے، توانائی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے توانائی شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت سے درخواست ہے کہ توانائی کی قیمتوں کے معاملے میں مداخلت کریں، صدر مملکت پاکستان کی صنعتوں اور کاروباری اداروں کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔
صدر مملکت نے وفد کو مسائل کے حل ، متعلقہ حلقوں کے سامنے معاملہ اٹھانے میں تعاون کا یقین دلایا۔
