اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خاتون افسر کے لباس پر اعتراض پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کے الیکٹرک کی خاتون افسر کے لباس کے بارے نازیبا ریمارکس کا نوٹس لے لیا ہے۔
اسپیکر نے اپوزیشن رکن اسمبلی اقبال آفریدی کے تبصرے اور اعتراض کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے جب کہ ایاز صادق کی جانب سے حقائق تلاش کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جب کہ کمیٹی میں سید نوید قمر، سید امین الحق، ملک محمد عامر ڈوگر اور مولانا عبدالغفور حیدری شامل ہیں۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی پارلیمانی پارٹیوں کی 5 خواتین ممبران کو شامل کرنے کی مجاز ہوگی، تحقیقاتی کمیٹی 15 دن میں اسپیکر کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
خیال رہے کہ اقبال آفریدی نے قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں خاتون افسر کے لباس پر اعتراض کیا تھا۔
اسپیکر خواتین کی عزت اور توقیر میں اضافے کے لئے ہر لمحہ کوشاں ہیں جب کہ خواتین ارکان اسمبلی کی جانب سے بھی اقبال آفریدی کے روئیے پر اظہار ناپسندیدگی کیا گیا تھا۔
