Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نوجوانوں نے ملک کی تقدیر بدلنی ہے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ نوجوانوں نے ملک کی تقدیر بدلنی ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے نیشنل یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں نے ملک کی تقدیر بدلنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر میں الگ مملکت بنانے کی حقیقت کو سمجھنا ہوگا، یہ سمجھنا ہوگا کہ پاکستان کی تخلیق کی وجہ کیا ہے، سرحد پار مقبوضہ جموں کشمیر میں مظالم جاری ہیں، کشمیری اب بھی نعرہ لگا رہے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔

 عطا تارڑ نے کہا کہ مظالم اور جبر استبداد کے باوجود کشمیری عوام جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، تحریک پاکستان میں قائداعظم کے ساتھ بڑی تعداد نوجوانوں کی تھی، نوجوانوں نے اس ملک کی تعمیر میں حصہ ڈالا، نوجوان ہی اس ملک کی تقدیر بدلیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہجرت مکہ مدینہ اور بھارت سے پاکستان کی ہجرت اپنے اندر سبق رکھتی ہے، 12 لاکھ لوگوں نے ہجرت کر کے الگ وطن کے لئے قربانی دی، ٹرینوں کی ٹرینیں لاشوں سے بھری ہوئی پاکستان آئیں، اپنی جائیدادیں، گھر اور گلیاں چھوڑ کر نئے وطن کے لئے سفر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہجرت 1947 میں خواتین نے بھی قربانیوں کی ناقابل فراموش داستانیں رقم کیں، پاکستان رمضان المبارک کی 27 ویں شب کو معرض وجود میں آیا، یہ اس بات کی دلیل ہے کہ اس ملک نے ترقی کرنی ہے اور تاقیامت قائم رہنا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے، پاکستان کی بنیادوں میں شہداء کا خون شامل ہے، شہداء کے لہو کی لاج رکھنا ہماری ذمہ داری اور فرض ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے، ارشد ندیم نے درخت کی ٹہنی توڑ کر پہلی جیولین تیار کی، ارشد ندیم نے گولڈ میڈل حاصل کر کے پوری قوم کو اکٹھا کیا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لئے میرٹ پر لیپ ٹاپ اسکیم کا اجراء کیا گیا، دانش اسکول کے طلبہ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات انجام دے رہے ہیں، باتیں کرنا آسان ہے کام کرنا مشکل ہوتا ہے، جن مواقع پر نوجوانوں کا حق ہے اس پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔

 عطا تارڑ نے کہا کہ پچھلے چار ماہ کے اندر ہماری آئی ٹی ایکسپورٹس میں تین گنا اضافہ ہوا، پاکستان میں نوجوان آئی ٹی ایکسپرٹس آگے بڑھ رہے ہیں، نوجوانوں نے بہت سارا کام اپنے بل بوتے پر کیا، ملک کی سمت اور معیشت کو درست کرنے، آئی ٹی انقلاب برپا کرنے اور معیاری تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملکی ترقی کا انحصار نوجوانوں پر ہے، حکومت کی اگر دن میں 15 اجلاس ہوتے ہیں تو پانچ صرف نوجوانوں سے متعلق ہوتے ہیں، آئی ٹی، زراعت، تعلیم، اسپورٹس کے شعبوں میں ترجیحات کو درست کرتے ہوئے نوجوانوں کو مواقع فراہم کریں گے، ہم 2030 تک جی 20 تک پہنچیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version