وفاقی حکومت کی ہدایت پر پی ٹی اے نے سمز کا غیر قانونی استعمال روکنے کیلئے آپریشن شروع کردیا۔
پی ٹی اے نے غیر قانونی سمز کی بندش کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا، 2017 سے پہلے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر سمز کی بندش شروع کی گئی۔
پی ٹی اے کے ترجمان کے مطابق شہری سمز کی بندش سے بچنے کیلئے شناختی کارڈز کی تجدید کروائیں، پہلے مرحلے میں جعلی سمز اور کینسل ہونیوالے شناختی کارڈز پر سمز بند کی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ 16 اگست سے لیکر اب تک 69 ہزار سے زائد غیرقانونی سمز بند کی گئیں، نادرا سے حاصل ہونیوالے ڈیٹا کی بنیاد پر غیرقانونی سمز کو بند کیا جارہا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تیسرے مرحلے میں فوت شدہ افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کو بند کیا جائے گا، موبائل سمز کی بندش سے قبل صارفین کو آگاہی پیغامات بھجوائے جارہے ہیں۔
پی ٹی اے ترجمان نے کہا کہ جعلی سمز مختلف غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال کی جارہی ہیں، غیرقانونی سمز دہشت گردی، مالیاتی فراڈ اور دیگر سرگرمیوں میں استعمال کی جاتی ہیں۔
