Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ترقی پورے پاکستان کا مسئلہ ہے صرف بلوچستان کا نہیں، سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ترقی پورے پاکستان کا مسئلہ ہے صرف بلوچستان کا نہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں مذاکرات اور دہشت گردی کو مشترک کیا جارہا ہے، چند لوگ ایسے ہیں جو حکومت یا ریاست سے ناراض ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ کہا جاتا ہے کہ ہم پرامن احتجاج کررہے ہیں جس کا ہمیں حق ہے، کیا ان احتجاجوں میں یہ نہیں دیکھا کہ پاکستان کا جھنڈا اتار کر نام نہاد آزاد بلوچستان کا جھنڈا لگایا گیا، بلوچ علحیدگی پسند کی جانب سے متعین کردہ ترانے سے تقریبات کا آغاز کیا جاتا ہے۔

  سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایسے لوگ کیسے پرامن ہوسکتے ہیں، کیا آئین اور قانون اس طرح کے اقدامات کی اجازت دیتا ہے، اس طرح کے اقدامات ہی نوجوانوں کو ریاست سے دور کررہے ہیں، جس طرح سوشل میڈیا کا ہم استعمال کررہے ہیں اس طرح کوئی نہیں کرتا۔

  وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں اور ریاست کے خلاف متحرک لوگوں کی ویڈیوز سوشل پر وائرل ہورہی ہیں، ہربلوچستانی نے دہشت گردی کی مذمت کی ہے، جو لوگ دہشت گردی کررہے ہیں وہ کہہ رہے ہیں کہ وہ آزاد بلوچستان چاہتے ہیں۔

  انہوں نے کہا کہ ایک طبقہ مذاکرات چاہتا ہے اور دوسرا مذاکرات کرنے کو تیار نہیں ہے، ہم مذاکرات کے حامی ہیں، سیاسی مسئلہ یہ ہے کہ الیکشن پر اعتراض ہے، الزامات آج کسی اور پر کل کسی اور پرلگ رہے تھے۔

  سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیاسی معاملے پر بات ہوسکتی ہے، جو لوگ تشدد کی بات کرتے ہیں کھل کر سامنے نہیں آرہے، پاکستان کے خلاف ایک منظم سازش کی جارہی ہے، ترقی پورے پاکستان کا مسئلہ ہے صرف بلوچستان کا نہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version