Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آئینی ترمیمی بل آج پیش ہونے کا امکان

اسلام آباد: آئینی ترمیمی بل سے متعلق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق نہ ہونے کے باعث قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس آج پھر طلب کرلیے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس دوبارہ طلب کرنے کے باوجود ابھی تک صورتحال واضح نہ ہوسکی کہ آج دونوں ایوانوں سے آئینی ترمیمی بل منظور کروایا جاسکے گا یا پھر معاملہ مزید کئی دنوں تک مؤخر ہوتا رہے گا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق آج آئینی ترامیم بل پیش نہ ہوا تو قومی اسمبلی اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا جائے گا، ابھی پارلیمانی خصوصی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے اجلاس کے وقت کا تعین نہیں کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی مکمل حمایت حاصل ہونے تک آئینی ترامیم کا بل پیش نہیں ہوگا، حکومت آج پھر مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کرے گی۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا جس کے فوراً بعد وقفہ سوالات اور توجہ دلاؤ نوٹس کے سیشن کو ملتوی کرنے کی تحریک پیش کی گئی۔

سیشن ملتوی کرنے کی تحریک بلال اظہر کیانی نے پیش کی جس کو منظور کرتے ہوئے اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کیا۔

بعدازاں ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے بھی اجلاس شروع ہوتے ہی آج ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version