Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امن صرف تنازعات کا خاتمہ نہیں بلکہ انسانی حقوق کے احترام کا قیام ہے، بلاول بھٹو

کراچی: پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم امن پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ امن صرف تنازعات کا خاتمہ نہیں بلکہ انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کا قیام ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم امن پر پیغام جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ امن، انصاف، جمہوریت اور انسانی وقار کے اصولوں پر پارٹی کی پختہ وابستگی قائم رکھنے کا اعادہ کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ امن صرف تنازعات کا خاتمہ نہیں بلکہ انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کا قیام ہے، حقیقی امن ہر فرد کو اس کے پس منظر یا عقائد سے قطع نظر، انصاف اور عزت کے ساتھ برتاؤ سے ممکن ہے۔

پی پی چیئرمین کہتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی اس سال کی عالمی یوم امن کے لیے تھیم ’’امن کا کلچر فروغ دینا‘‘ کی حمایت کرتا ہوں۔ پرامن معاشرے کی تخلیق کے لیے ہر سطح پر باہمی احترام، ہمدردی اور عدم تشدد کو فروغ دینا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن کا کلچر فروغ دینا ایک مسلسل عمل ہے جو تعلیم، مکالمے اور شمولیتی طرز حکمرانی میں مضمر ہونا چاہیے، پاکستان نے امن کے حصول میں کئی چیلنجز کا سامنا کیا ہے لیکن قوم کی استقامت اس کی اصل طاقت رہی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ امن، مکالمے اور مفاہمت کی علمبردار رہی ہے، یہ وہ اقدار ہیں جو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے فروغ دیے۔ عالمی برادری  تنازعات کے بنیادی اسباب جیسے غربت، عدم مساوات اور ماحولیاتی انحطاط کو دور کرے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جب تک بنیادی سماجی اور معاشی ناانصافیوں کا ازالہ نہیں ہوگا، پرامن دنیا کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، ہمیں آج کے دور میں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ٹیکنالوجی امن کی خدمت کرے اور تمام پاکستانی روزمرہ زندگی میں امن کے اصولوں پر عمل کریں۔

بلاول بھٹو مزید کہتے ہیں کہ آئیے اس عالمی یوم امن کو مناتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کریں کہ ہم ایک بہتر پاکستان اور بہتر دنیا کی تعمیر کریں گے، جہاں ایک ایسا پاکستان اور ایک ایسی دنیا جہاں امن، انصاف، جمہوریت اور انسانی وقار کو فوقیت حاصل ہو۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version