نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں سعودی حکومت کے تعاون پر شکرگزار ہیں۔
پاکستان سعودی عرب تعاون، معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب برادر ممالک ہیں، کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے منصوبے عوام کے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی مسلسل مدد، برادرانہ تعلقات پر شکرگزار ہیں، آئی ایم ایف پروگرام میں سعودی حکومت کے تعاون پر بھی شکرگزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک مشکل گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے، پاکستان، سعودی عرب میں محبت، بھائی چارے، اخوت کا رشتہ ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، پاکستان، سعودی عرب میں منفرد رشتہ ہے جس کا کوئی متوازی نہیں۔
نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب نے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ہزار ہاؤسنگ یونٹس کا وعدہ کیا ہے، سعودی عرب کے تعاون سے پاکستان بھر میں 300 فیڈر اسکول بنائے جائیں گے۔
