بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات کی اندرونی کہانی بول نیوز نے حاصل کرلی۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹوزرداری سے آئینی ترمیمی مسودہ شیئر کر دیا، آئندہ دو سے تین دن بعد پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کے درمیان دوبارہ ملاقات ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات میں میثاق جمہوریت کا حوالہ دیا اور ساتھ ہی بلاول بھٹو نے والدہ محترمہ بینظیر بھٹو کا بھی حوالہ دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمہوریت کی روح کے خلاف کسی بھی آئینی ترمیم کی حمایت نہیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ زور زبردستی سے کوئی بھی آئینی ترمیم منظور کی گئی تو سب حقائق منظر عام پر لائیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر آئینی ترمیم پر حکومت نے من مانی کی کوشش کی تو جمہوریت کے قاتلوں کا نام بتاؤں گا۔
