Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہماری ذمہ داری ہے کہ ریاست کیخلاف پروپیگنڈے کو ناکام بنائیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ریاست کیخلاف پروپیگنڈے کو ناکام بنائیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون ملک روزگار کے لئے بھیجنا ایک خواب تھا، بیروزگاری ایک بڑا چیلنج ہے، جاب کے مواقع محدود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں یہ حل نظر آیا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون ملک بھجیں، صدر مملکت، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو، وزیراعظم نے تجویز سے اتفاق کیا، بلاول بھٹو زرداری نے بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام میں میرٹ یقینی بنائیں گے، تمام وزرا، سیکریٹریز اور افسران 100 فیصد میرٹ یقینی بنائیں، ہر ضلع سے مساوی تعداد میں نوجوانوں کی سلیکشن ہوگی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان سے جانیوالے نوجوان ملک کا بہتر تشخص اجاگر کریں، آپ پاکستان کے سفیر ہیں، نیک نامی کا باعث بنیں، نوجوان گمراہی کا شکار نہ ہوں، ترقی کیلئے مثبت سوچ اپنائیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت اپنی ضروریات کم کرکے نوجوانوں پر وسائل خرچ کررہی ہے، بلوچستان کے ہر نوجوان کو ترقی و روزگار کے مواقع فراہم کریں گے، نوجوانوں کی ترقی کا خواب حقیقی روپ اختیار کرنے جارہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ 16 سالہ تعلیمی اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی، بیڈ گورننس کا خاتمہ کرکے نوجوانوں کو ریاست سے نزدیک کریں گے، پھر کہتا ہوں کوئی نوکری نہیں بکے گی ، میرٹ کو یقینی بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کررہے ہیں، دوسری طرف نوجوانوں کو خود کش بنایا جاررہا ہے، فیصلہ بلوچستان کے عوام نے کرنا ہے کون درست اور کون غلط ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست ہماری پہچان ہے اس کی قدر کرنی ہے، ترقی کا راستہ بلوچستان سے ہی نکلتا ہے، ناہموار ترقی پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، سوشل میڈیا پر بےبنیاد پروپیگنڈوں کے ذریعے گمراہی پھیلائی جاتی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ایک طرف شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس چل رہی تھی، دوسری طرف زیادتی کا بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلا کر بےچینی پھیلائی گئی، نوجوانوں کو مثبت سوچ اپنا کر آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارامعاشرہ جھوٹ پھیلانے کی اجازت نہیں دیتا، ہماری ذمہ داری ہے کہ ریاست کیخلاف پروپیگنڈے کو ناکام بنائیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version