Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گرو نانک کی قائم کردہ اقدار لوگوں کیلئے مشعل راہ ہیں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گرو نانک کی قائم کردہ اقدار سکھ برادری کے ساتھ دیگر لوگوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے گُرو نانک دیو جی کے جنم دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ گُرو نانک کی محبت، امن اور مساوات پر مبنی تعلیمات بڑی اہمیت کی حامل ہیں۔

چیئرمین پی پی نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی سکھ برادری کو گُرو نانک دیو جی کے جنم دن کی مبارکباد دی اور کہا کہ آج کے دور میں ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے گرو نانک کی تعلیمات کی افادیت برقرار ہے، گُرونانک کی  بھائی چارے، ہمدردی اور احترام انسانیت پر مبنی تعلیمات اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرو نانک کی قائم کردہ اقدار سکھ برادری کے ساتھ دیگر لوگوں کے لیے مشعل راہ ہیں، وہ تمام لوگوں کے لیے بھی بڑی اہمیت کی حامل ہیں جو ایک منصفانہ اور پرامن معاشرہ قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں سکھ ورثہ شاندار اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے، پیپلز پارٹی ملک میں تمام اقلیتی برادریوں کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سے ہی تمام مذہبی اور ثقافتی برادریوں کے حقوق کی حفاظت کی ہے تاکہ ہر شہری، چاہے اس کا کوئی بھی مذہب ہو، ملک میں خود محفوظ اور معتبر محسوس کر ے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ پاکستان کی اس طویل روایت پر فخر ہے کہ یہاں سکھ یاتریوں کو ان کے مقدس مقامات پر خوش آمدید کیا جاتا ہے، سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہنا اور ان کے مقدس مقامات پاکستان کی امن و بین المذاہب احترام کی علامت ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم ایک ایسا پاکستان بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جو اپنی ثقافتی تنوع کا جشن منائے، ایسا پاکستان جو تمام شہریوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے لیے انتھک محنت کرے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version