Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان آزاد اور پائیدار فلسطینی ریاست کا حامی ہے، صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق آزاد، پائیدار اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے۔

صدر آصف زرداری نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے حق ِخودارادیت کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہیں، آزادی، وقار اور انصاف کیلئے فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے، عالمی ضمیر فلسطین میں لاکھوں لوگوں کی حالت زار نظر انداز نہیں کر سکتا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اسرائیلی قبضہ، عالمی قوانین کی مسلسل بے توقیری خطے میں قیام ِامن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، عالمی برادری اور سلامتی کونسل غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کیلئے اقدامات کرے۔

انکا کہنا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے، اسرائیلی اقدامات کو عالمی عدالت انصاف نے بجا طور پر “قرین ِقیاس نسل کشی” قرار دیا، اسرائیل اور اس کی قیادت کے احتساب کے تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ اسرائیلی فوجی مہم مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نسل کشی، بنیادی ڈھانچے اور رہائشی علاقوں کی تباہی، نقل مکانی کا باعث ہے، گزشتہ سال میں اسرائیلی اقدامات کی وجہ سے بچوں اور خواتین سمیت 45 ہزار سے زائد فلسطینی اپنی جانیں کھو چکے ہیں، اسرائیل اقوامِ متحدہ اور دیگر امدادی ایجنسیوں کے کام میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے، اسرائیل جان بوجھ کر لاکھوں فلسطینیوں کو ضروری انسانی امداد سے محروم کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی دیدہ دلیری، خطے کے ممالک کے خلاف مسلسل جارحیت پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال رہی ہے، پاکستان اسرائیل کی جارحانہ کاروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے، پاکستان فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت  کے حصول کیلئے حمایت جاری رکھے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version