اسلام آباد: فیک نیوز کے خلاف قانون سازی کے معاملے پر سائبر کرائم ایکٹ میں ترامیم کا مجوزہ مسودہ متعلقہ وزارتوں کو بھجوا دیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت کی جائے گی، مشاورت کے بعد مسودہ وفاقی کابینہ میں منظوری کے لیے پیش ہوگا اور کابینہ سے منظوری کے بعد حکومت ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی مسودہ وزارت داخلہ اور وزارت قانون نے مل کر تیار کیا ہے، وزارت آئی ٹی، اطلاعات و نشریات سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت نے فیک نیوز دینے والوں کو پانچ سال قید اور دس لاکھ جرمانے کی سزا تجویز کی ہے، ابتدائی مسودہ کو شراکت داروں سے مشاورت مکمل ہونے پر حتمی شکل دی جائے گی، مشاورت کے بعد مسودے میں ترامیم کی جاسکتی ہیں۔
