لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جاری ویکسینیشن مہم کے دوران پولیو ٹیموں کا تحفظ یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پولیس اور انتظامیہ کو پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے جہاد میں شریک ورکرز کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
مریم نواز نے پولیو ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور مزید محنت کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے پولیو ورکرز سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے اینٹی پولیو ویکسینیشن بہت ضروری ہے، پنجاب کو مکمل طورپر پولیو فری بنانا ہمارا عزم ہے، صوبے کے تمام انٹری پوائنٹس پر مؤثر ویکسینیشن کمپین یقینی بنانا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ریلوے اسٹیشن اور بس اڈوں پر بھی مسافر بچوں کی انسداد پولیو ویکسینیشن یقینی بنائی جائے، صوبے کے مختلف شہروں میں انسداد پولیو ویکسینیشن مہم کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے اور تمام اضلاع میں جاری ویکسنیشن مہم کے دوران ایس او پیز کے مطابق کولڈ چینج ٹرانسپورٹیشن یقینی بنائی جائے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے ختم کرنے کے لئے بھرپور اور مؤثر پلاننگ ضروری ہے، لاہور سمیت دیگر شہروں میں اسپتالوں اور نمایاں مقامات پر انسداد پولیو ویکسینیشن کیلئے خصوصی کیمپ لگائے گئے ہیں۔
