Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عالمی برادری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرنا چاہیے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرنا چاہیے۔

جموں وکشمیرکے عوام کے یوم حق خودارادیت پر وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 1949میں آج کے دن اقوام متحدہ کے کمیشن نے تاریخی قرارداد منظور کی، قرارداد جموں و کشمیر میں منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت، یواین چارٹر، بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے، ہرسال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظورکرتی ہے، قرارداد لوگوں کو تقدیر خود طے کرنے کے قانونی حق کی وکالت کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام 7 دہائیوں سے ناقابل تنسیخ حق کو استعمال نہیں کرسکے، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنے وعدوں پرعمل کرے اور بامعنیٰ اقدامات اٹھائے۔

انکا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرنا چاہیے، عالمی برادری کو سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کرنا چاہیے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق، آزادی کی بحالی کا بھی مطالبہ کرنا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بھارت غیرقانونی قبضے کومستحکم کرنے کے لیے متعدد اقدامات اٹھارہا ہے، بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع نوعیت کو نقصان پہنچ رہا ہے، 5 اگست 2019 کے بعد بھارت متنازع علاقے کی آبادی کی نوعیت کو تبدیل کررہا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ بھارت متنازع علاقے کے سیاسی ڈھانچےکو تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے، بھارت کا مقصد اکثریتی کشمیری عوام کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت، آزادی کی جائز جدوجہد کو کچل رہا ہے، بھارت کشمیریوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نشانہ بنارہا ہے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی حمایت کرتا ہے، پاکستان سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version