پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے جامشورو میں مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کامیاب ہونے والے طلبہ کیلئے آج خوشی کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنج کا سامنا ہے، انفرااسٹرکچر کی ترقی میں انجینئرز کا اہم کردار ہے، ٹیکنالوجی دنیا بھر میں تیزی سے ترقی کررہی ہے، ہمیں بھی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں فیک نیوز چیلنج کا سامنا ہے، جدید ٹیکنالوجی کو صرف انسانیت کی خدمت کیلئے استعمال کیا جانا چاہیے، سندھ نے 2022 میں بدترین سیلاب کا سامنا کیا، ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔
