معاشی میدان میں ایک اور اہم ترین کامیابی، پاکستان نے 1.5 ارب ڈالر کے نئے رعایتی قرض پروگرام پر بات چیت کے لیے آئی ایم ایف کو منالیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی دبئی میں آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹیلینا جارجیوا سے ملاقات کامیاب رہی۔
ذرائع کے مطابق نیا قرض پروگرام موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کے تدارک کے لیے ہوگا، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا وفد 24 فروری سے پاکستان کا دورہ کرے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا وفد نئے موسمیاتی تبدیلی قرض پروگرام پر مذاکرات کرے گا، پاکستان کو دو سال پہلے موسمیاتی تبدیلیوں سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا، آئی ایم ایف نئے قرض پروگرام میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کم کرنے میں مدد کرے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نئے قرض پروگرام میں موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات اور اہداف کا جائزہ لے گا، موسمیاتی تبدیلیوں کے نئے قرض پروگرام پر بات چیت مارچ کے پہلے ہفتے تک جاری رہنے کاامکان ہے۔
