اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ قرضوں سے قومیں ترقی نہیں کرتیں، دعا ہے کہ موجودہ آئی ایم ایف پروگرام آخری پروگرام ہو۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پرائم منسٹرڈیجیٹل یوتھ ہب کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کادن منفرد خوشی کا دن ہے، بطور وزیراعلیٰ پنجاب تعلیم، صحت، نوجوانوں کے لیے ترجیحی اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی، اے آئی، ووکیشنل ٹریننگ دی جائے تو یہ ملک کاسرمایہ بنیں گے، بطوروزیراعلیٰ پنجاب میرٹ کی بنیاد پر 4 لاکھ لیپ ٹاپ ہونہار طلبا میں مفت تقسیم کیے۔
شہبازشریف نے کہا کہ آج کی دنیا جدید ٹیکنالوجی کی متقاضی ہے، اگر نوجوانوں کو ہم تربیت دیں تو یہ عظیم سرمایہ بن سکتے ہیں، کروڑوں بچوں پر سرمایہ لگائیں تو پاکستان چند سال میں ترقی یافتہ ہوگا۔
انکا کہنا تھا کہ رانا مشہود کو پروڈکٹیو ایمپلائمنٹ کا ٹاسک دیا گیا، نوجوانوں کو خود مختار بنانے کے لیے درکار اخراجات فراہم کیے جائیں گے، ہمارے ٹریننگ سینٹرز میں بہترین ٹرینرز آنے چاہئیں، نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں بہترین ہنر سے نوازیں گے، ہنر مند نوجوانوں کی بدولت ملک کا مستقبل شاندار بنائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے قرضے77 سالوں میں بڑھے ہیں، دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام آخری پروگرام ہو، آئی ایم ایف پروگراموں سے معیشت میں استحکام آتا ہے، پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے، ہم نے اس قرضے کی زندگی کو وقار کی زندگی میں بدلنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسان، صنعتکار اور نوجوان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے، میں آخری دم تک آپ کے حقوق کی جنگ لڑتا رہوں گا، آخری حد تک آپ کو قرضوں سے نجات دلاؤں گا۔
