قومی اسمبلی کا کورم ٹوٹنے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، جس کے مطابق کورم ٹوٹنے میں پیپلز پارٹی کا مرکزی کردار نکلا۔
پارلیمانی ذرائع نے بتایا کہ چیف وہپ اور وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے اس حوالے سے حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلی بار کورم ٹوٹنے کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس پندرہ منٹ کےلیے ملتوی کیا، جبکہ حکومت کے چیف وہپ اس دوران اپنے اور پیپلز پارٹی کے اراکین کو ایوان میں بلاتے رہے۔
جب کورم کےلیے درکار 86 اراکین پورے ہوگئے تو ڈپٹی اسپیکر افس کو آگاہ کیا گیا، اس دوران پیپلز پارٹی کے اراکین بھی ایوان میں موجود تھے، جیسے ہی ڈپٹی اسپیکر ایوان میں آئے اور اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو پیپلز پارٹی کے 22 اراکین اچانک ایوان سے چلے گئے۔
ذرائع نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے آغا رفیع اللہ کے اشارے پر اراکین ایوان سے چلے گئے، طارق فضل چوہدری نے آج کورم ٹوٹنے کا باعث پیپپلز پارٹی کو قرار دے دیا۔
