Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آپریشن “بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ”، وزیر اعظم نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

 بھارت کے خلاف پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی “آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ” کے آغاز کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت پر مشتمل نیشنل کمانڈ اتھارٹی (NCA) کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

 اجلاس کا مقصد موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا اور آئندہ کے دفاعی و اسٹریٹیجک اقدامات پر مشاورت کرنا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے بعد بھرپور، منظم اور مؤثر جوابی کارروائی کا آغاز کیا ہے، جسے “آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ” یعنی “آہنی دیوار” کا نام دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فجر کے وقت اس آپریشن کا آغاز کیا گیا، جس کے دوران بھارت کے اندر 12 اسٹریٹیجک اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی دفاعی فورسز نے “فتح ون” میزائل کے ذریعے بھارت کے متعدد اسٹریٹیجک مراکز، جن میں ادھم پور اور پٹھان کوٹ ایئر بیسز، نیز بیاس میں واقع براہموس میزائل اسٹوریج کمپلیکس شامل ہیں، کو تباہ کر دیا۔ حملوں میں دشمن کو نمایاں عسکری نقصان پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی (NCA) پاکستان کی جوہری، دفاعی اور اسٹریٹیجک پالیسیوں کی نگرانی و رہنمائی کرنے والا اعلیٰ ترین ادارہ ہے۔ موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اس کا اجلاس انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

اجلاس میں دفاعی اداروں کی تیاریوں، آپریشنل اہداف، اسٹریٹیجک اثاثوں کی سیکیورٹی اور بھارت کی ممکنہ جوابی کارروائیوں سے نمٹنے کی حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔

اعلیٰ حکومتی اور عسکری قیادت نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کارروائیاں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی ہیں اور دشمن کی جارحیت کا مربوط، مؤثر اور قانونی جواب ہیں۔ پاکستان اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version