Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی بیجنگ آمد پر چین کی وزارت خارجہ کی ایشیائی امور کی سربراہ یو ہونگ نے ان کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ اس موقع پر چین میں تعینات پاکستانی سفیر خلیل الرحمان ہاشمی اور چینی وزارت خارجہ کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل تیانجن شہر میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ اجلاس علاقائی تعاون، اقتصادی شراکت داری اور سیکیورٹی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورہ چین کے دوران اسحاق ڈار کی چینی صدر سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی کئی دوطرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں جن میں علاقائی معاملات، تجارت، سرمایہ کاری اور سفارتی تعلقات پر گفتگو ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version