Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خواجہ آصف کا ایکس پر بھارتی وزیر دفاع کو دوٹوک جواب

بھارتی بیانات طاقت نہیں بلکہ اسٹریٹجک گھبراہٹ کی عکاسی ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں بھارتی وزیر دفاع کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن عالمی سطح پر بے نقاب ہوچکا ہے اور بھارت کا بیانیہ ناکام ہوگیا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارتی بیانات طاقت نہیں بلکہ اسٹریٹجک گھبراہٹ کی عکاسی ہیں۔ بھارت اپنی داخلی کمزوریوں کو چھپانے کے لیے بیرونی محاذ گرم کررہا ہے۔

 

وزیر دفاع نے کہا کہ بے بنیاد الزامات کے ذریعے کشیدگی بڑھانے کی کوشش قابل مذمت ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ معرکہ حق کی یاد تازہ ہے اور بھارت غلطی کی قیمت پہلے بھی چکا چکا ہے۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان کا جواب آئندہ زیادہ طاقتور، فیصلہ کن اور بروقت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کے ساتھ ہے مگر خودمختاری کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

وزیر دفاع کہتے ہیں کہ پاکستان مکمل طور پر تیار ہے اور ہر ردعمل سوچ سمجھ کر اور فوری ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کا تصور بھی تباہ کن ہے۔

خواجہ آصف نے بھارت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اندرونی اسٹریٹجک و سفارتی بحران پر توجہ دے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version