Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں بارشوں کا الرٹ، مخدوش عمارتیں فوری خالی کرنے کی ہدایت جاری

ڈی جی ایس بی سی اے کی ہدایت پر افسران شہر کے مختلف علاقوں میں جا کر اعلانات کر رہے ہیں

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کراچی میں متوقع بارشوں کے پیش نظر خطرناک اور بوسیدہ عمارتوں میں رہائش پذیر شہریوں کے لیے اہم آگاہی اعلان جاری کر دیا ہے، جس میں جان کے تحفظ کے لیے فوری انخلاء پر زور دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق آگاہی مہم کے دوران انتہائی مخدوش عمارتوں کے مکینوں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے فوری طور پر عمارتیں خالی کر دیں۔ ڈی جی ایس بی سی اے مزمل حسین ہالیپوٹو کی ہدایت پر افسران شہر کے مختلف علاقوں میں جا کر اعلانات کر رہے ہیں۔

ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ حالیہ اور ممکنہ بارشوں کے باعث بوسیدہ عمارتوں کے گرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے شہریوں کو تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ ایسی عمارتوں سے دور رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ترجمان کے مطابق ادارے کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں جا کر نہ صرف خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کر رہی ہیں بلکہ شہریوں کو حفاظتی اقدامات سے متعلق آگاہی بھی فراہم کر رہی ہیں۔

ایس بی سی اے نے واضح کیا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں، اسی لیے مخدوش عمارتوں میں رہنے والوں کو بروقت خبردار کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں