Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز ہو جائیں تیار، سوشل میڈیا کی کمائی ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئی

قابل ٹیکس آمدن کا تعین ایک مخصوص فارمولے کے تحت کیا جائے گا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سوشل میڈیا سے بھاری آمدن حاصل کرنے والے افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت یوٹیوبرز، ٹک ٹاکرز اور انسٹاگرام انفلوئنسرز کو بھی باقاعدہ ٹیکس دینا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کا مسودہ تیار کر لیا ہے، جس کا اطلاق ان تمام پاکستانی شہریوں پر ہوگا جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آمدن حاصل کر رہے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی ہر قسم کی آمدن، چاہے وہ اسپانسرشپ ہو، اشتہارات یا دیگر ذرائع، ٹیکس کے دائرہ کار میں آئے گی۔

قانون کا اطلاق ان صارفین پر بھی ہوگا جو پاکستانی آڈینس کے ساتھ انٹریکشن کے ذریعے کمائی کرتے ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق قابل ٹیکس آمدن کا تعین ایک مخصوص فارمولے کے تحت کیا جائے گا، جس میں سال بھر کی پوسٹس، اوسط ویوز اور اخراجات کو مدنظر رکھا جائے گا۔

اس کے بعد متعلقہ افراد کو انکم ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور سالانہ ٹیکس گوشواروں میں اس آمدن کو الگ سے ظاہر کرنا لازمی ہوگا۔

ایف بی آر نے اس مجوزہ مسودے پر اعتراضات اور تجاویز جمع کرانے کے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کر دی ہے، جس کے بعد ترامیم کو حتمی شکل دی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل معیشت کو دستاویزی بنانا اور ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہے، جبکہ سوشل میڈیا سے بڑی کمائی کرنے والوں کو اب قانون کے مطابق ٹیکس دینا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version