خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ ڈومیل پر خوارج کے بزدلانہ خودکش حملے میں خواتین اور ایک بچے سمیت 5 افراد شہید، 4 زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور نے تھانے کے باہر سول آبادی کو نشانہ بنایا، حملے میں 3 خواتین اور ایک بچے سمیت 5 افراد شہید جبکہ 4 شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں فوری طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد متاثرہ عمارت کا ملبہ ہٹانے اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
بہترین سیکیورٹی اقدامات کے باعث تھانے پر حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ خوارج نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ عناصر بنوں کے امن پسند عوام کو دہشت گردی میں جھونکنا چاہتے ہیں تاہم ان خوارج کا خاتمہ یقینی ہے آخری خوارجی کے خاتمے تک نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔



















