اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح کے علاوہ پنجاب کے شہروں راولپنڈی، لاہور، اٹک، سرگودھا، اوکاڑہ، رینالہ خورد، مری، سمندری، جھنگ، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، احمدپور سیال، کمالیہ، جہلم، حضرو، فتح جنگ اور حسن ابدال میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، سوات، ہنگو، چارسدہ، بونیر، لنڈی کوتل، ایبٹ آباد، لکی مروت، چترال اور شانگلا میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔
آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد خوفزدہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
ابھی تک زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے تاہم شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی جب کہ زیر زمین گہرائی 190 کلومیٹر تھی۔



















