Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

توانائی شعبے میں سخت اصلاحات، سبسڈی اور گردشی قرض پر آئی ایم ایف کا اہم مطالبہ

آئی ایم ایف نے مالی سال 2031 تک پاور سیکٹر گردشی قرضہ کا مکمل ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے آئندہ بجٹ میں توانائی کے شعبے کو دی جانے والی سبسڈی میں نمایاں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے 830 ارب روپے سے زائد نہ رکھا جائے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مالی سال 2031 تک پاور سیکٹر کے گردشی قرضے کے مکمل خاتمے پر زور دیا ہے جب کہ توانائی سبسڈی کو مرحلہ وار کم کرنے کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق مالی سال 2026-27 تک بجلی کے شعبے میں گردشی قرض کے بہاؤ کو صفر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے حکومت نے اصلاحاتی اقدامات تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اصلاحاتی پیکج کے تحت بجلی اور گیس کے نرخوں میں بتدریج اضافہ اور سبسڈی میں کمی شامل ہے جب کہ پاور سیکٹر میں نجکاری اور مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو 2027 کے اوائل تک نجکاری یا نجی انتظام کے حوالے کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے تاکہ شعبے کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔

تاہم ان اقدامات کے نتیجے میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

متعلقہ خبریں