ملتان میں ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جہاں مظفرگڑھ روڈ کے علاقے عاشق آباد میں چلتے آٹو رکشے میں اچانک ایل پی جی سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ایک خوشگوار سفر کو قیامت میں بدل دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق رکشہ ناگ شاہ چوک سے بہاولپور چوک کی جانب جا رہا تھا اور اس میں 10 سے 15 افراد سوار تھے کہ اچانک زور دار دھماکہ ہوا، جس کے بعد رکشے میں آگ بھڑک اٹھی اور مسافر چیختے چلاتے رہ گئے۔
حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں دو خواتین اور ایک کمسن لڑکا شامل ہے، جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
زخمیوں کو فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ترجمان کے مطابق بیشتر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ متاثرہ افراد کی عمریں 7 سے 56 سال کے درمیان ہیں اور کئی کو برن یونٹ منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
اس دلخراش واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ حرکت میں آ گئی، ایم ایس ڈاکٹر راؤ امجد علی نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی، جبکہ انتظامی افسران نے ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کر کے علاج کے عمل کا جائزہ لیا۔
