سی سی پی نے ملک کی سولر مارکیٹ پر ایک اہم مسودہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں مسابقت، سرمایہ کاری اور نظام کی بہتری سے متعلق بڑے انکشافات اور سفارشات پیش کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سولر توانائی کے شعبے میں مسابقت کی کمی اور مختلف رکاوٹیں سرمایہ کاری کی رفتار کو متاثر کر رہی ہیں۔
سی سی پی نے بجلی کے ترسیلی نظام (گرڈ) کی فوری بہتری پر زور دیتے ہوئے جدید میٹرنگ سسٹم اور اسمارٹ گرڈ متعارف کرانے کی سفارش کی ہے تاکہ توانائی کی مؤثر تقسیم ممکن ہو سکے۔
کمیشن نے سستی بجلی کے حصول کے لیے مسابقتی نظام کے نفاذ کو تیز کرنے پر زور دیا ہے، جبکہ غیر معیاری سولر آلات کی فروخت روکنے کے لیے سخت ریگولیٹری اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دیہی علاقوں تک سولر سہولیات کی فراہمی بڑھانا ناگزیر ہے، جبکہ بیٹری ٹیکنالوجی کے فروغ سے قومی گرڈ پر دباؤ کم کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ مقامی سطح پر سولر پینلز کی تیاری بڑھانے اور ایک نیشنل سولر رجسٹری قائم کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے تاکہ شعبے کو منظم اور شفاف بنایا جا سکے۔
سی سی پی نے یہ مسودہ رپورٹ عوامی مشاورت کے لیے اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دی ہے، جس کے بعد اسٹیک ہولڈرز کی آراء کی روشنی میں حتمی سفارشات مرتب کی جائیں گی۔
