Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

منشیات کیس؛ ملزمہ انمول عرف پنکی کو پروٹوکول کیسے دیا گیا؟ وزیر داخلہ کا نوٹس

عدالتوں میں ملزمان کو غیر ضروری پروٹوکول دینا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے، ضیاء الحسن لنجار

کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے منشیات کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں مبینہ پروٹوکول دینے کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آزاد خان سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر داخلہ سندھ نے واقعے کی شفاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی جاری کردی ہیں۔

وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ زیر حراست ملزمہ کو عدالت میں پروٹوکول کیسے فراہم کیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ پولیس اہلکاروں سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ اختیارات کا غلط استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ضیاءالحسن لنجار کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں ملزمان کو غیر ضروری پروٹوکول دینا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے اور ایسے اقدامات قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پروٹوکول فراہم کرنے والے اہلکاروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں اور ہر شہری کے ساتھ یکساں قانونی برتاؤ ہونا چاہیے۔

وزیر داخلہ کے مطابق پولیس کی وردی عوام کے اعتماد کی علامت ہے اور غفلت یا اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے واضح کیا کہ سندھ حکومت قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی جب کہ محکمہ داخلہ اس معاملے کی مکمل نگرانی کررہا ہے۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید سخت فیصلے بھی کیے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version