Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایوان صدر میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو قومی اعزازات سے نوازا گیا

یہ اعزازات قومی خدمات، قربانی اور عزم کی روشن مثال ہیں

ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی شخصیات اور شہداء کو اعلیٰ قومی اعزازات سے نوازا گیا۔

تقریب کے دوران بول نیوز کے سینئر صحافی احتشام الحق کو صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات پر ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔ اسی طرح جمہوریت کے لیے گرانقدر خدمات پر نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کو نشانِ امتیاز دیا گیا، جسے ان کے صاحبزادے نوابزادہ افتخار احمد نے وصول کیا۔

تقریب میں مختلف شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے متعدد اہلکاروں کو ستارۂ شجاعت سے نوازا گیا۔ ان میں اے ایس آئی محمداکرم شہید، سب انسپکٹر تاج میرشاہ شہید، کانسٹیبل عبداللہ شہید، کانسٹیبل سمندر خان شہید، کانسٹیبل عبدالحمید شہید، کانسٹیبل زامیل بادشاہ شہید، کانسٹیبل حفیظ اللہ شہید، محمد سراج شہید اور محمد جاوید شہید شامل ہیں، جنہیں بے مثال بہادری اور قربانی پر اعزازات دیے گئے۔

اسی طرح سپاہی اظہر محمود شہید، اے ایس آئی اعجاز خان شہید، سپاہی شاہ ولی خان شہید، سب انسپکٹر لائق زادہ شہید، انسپکٹر شارق رضوان شہید، نائیک گلزار علی شہید، سپاہی عزیر خان شہید اور سپاہی خطاب الرحمان شہید کو بھی ستارۂ شجاعت سے نوازا گیا۔

تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو بھی اعزازات دیے گئے۔ اویس لغاری کو توانائی کے شعبے میں کامیاب اصلاحات پر اعزاز دیا گیا جبکہ مشیرِ نجکاری محمد علی کو خدمات عامہ اور توانائی کے شعبے میں نمایاں کردار پر ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔

اسی طرح معظم جاہ انصاری کو خدمات عامہ کے شعبے میں اہم کارکردگی پر ہلالِ امتیاز دیا گیا، جبکہ کوہ پیمائی کے میدان میں نمایاں کامیابیوں پر شہروز کاشف کو بھی ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔

معروف کرکٹر شاہد آفریدی کو کھیلوں کے شعبے میں نمایاں خدمات پر ہلالِ امتیاز دیا گیا، جبکہ انجینئرنگ کے شعبے میں جمال الدین احمد کو ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں مرزا رضوان بیگ اور خلائی سائنس و ٹیکنالوجی میں محمد یوسف خان کو ہلالِ امتیاز دیا گیا۔

زرعی سائنس اور تعلیم کے شعبے میں ڈاکٹر امیر محمد، تعلیمی شعبے میں پروفیسر اکرام الحق، ادب کے شعبے میں اصغر ندیم سید اور زہرہ ماجد علی کو بھی ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔

سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے میں عزیز الدین بولانی جبکہ خدمات عامہ کے شعبے میں سینیٹر تاج حیدر مرحوم کو بھی ہلالِ امتیاز کا اعزاز دیا گیا۔

تقریب میں بحرین کے سفارتکار محمد ابراہیم محمد عبدالقادر کو ستارۂ پاکستان سے نوازا گیا، جو پاکستان اور بحرین کے تعلقات مضبوط بنانے میں ان کے کردار کا اعتراف ہے۔ اسی طرح جاوید اللہ خان محسود، ماہرِ تعلیم نواز علی شہید اور سینیٹر ہدایت اللہ شہید کو بھی ستارۂ شجاعت سے نوازا گیا۔

تقریب میں مختلف شعبوں میں خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ اعزازات قومی خدمات، قربانی اور عزم کی روشن مثال ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version