اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 28 ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال کا جواب دے دیا۔
وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں جہاں سے حملے ہورہے ہیں اور ہمارا حق بنتا ہے کہ اس کا جواب دیں، جن ٹھکانوں سے حملے ہوں گے جواب دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان ہندوستان کے ہاتھ میں کھیل رہے ہیں جب کہ افغان طالبان کو ہدایات دہلی سے آتی ہیں اور جب تک افغان طالبان کو ہندوستان ہاں نہیں کرے گا وہ کسی چیز میں حامی نہیں بھریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے افغان طالبان سے کہا کہ آپ لکھ کر دیں کہ آپ کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تین بار میں افغان طالبان سے ملا اور انہوں نے میرے سامنے لکھ کر دینے سے انکار کیا، افغان طالبان نے زبانی کلامی بات کی لیکن لکھ کر دینے کے لیے تیار نہیں۔
اس دوران 28 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر خواجہ آصف سے سوال کیا گیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک چیز ہے ہی نہیں تو آپ بار بار کیوں پوچھ رہے ہیں۔
