Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح، کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ

‘پاکستان قطری شراکت داروں کے ساتھ سہولت کار، ثالث کے کردار کو جاری رکھے گا’

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف 3 سے 5 جولائی تک ایران اور ترکیہ کا سرکاری دورہ کریں گے، اس دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی کابینہ کے دیگر ارکان بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایران میں سابق سپریم لیڈر شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کی تقریب میں شرکت کریں گے اور برادر ملک ایران کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول جائیں گے جہاں وہ دوطرفہ ملاقاتوں کے علاوہ ایک کاروباری کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے قطر کے ساتھ سہولت کار اور ثالث کے کردار کو جاری رکھے گا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے حالیہ دنوں میں سعودی عرب، چین، بحرین اور ایران کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر منعقدہ سیمینار میں سیاسی رہنماؤں، سفارتی برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی جہاں شرکا نے سندھ طاس معاہدے کو برقرار رکھنے، تنازعات کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اختیار کرنے اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے رجحان کی مخالفت پر زور دیا۔ پاکستان بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتا ہے۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان کی سفارتی کوششوں سے 22 ایرانی ماہی گیروں کے عملے کی رہائی ممکن ہوئی جبکہ پاکستان کی معاونت سے وطن واپس جانے والے ایرانی شہریوں کی تعداد 70 ہو چکی ہے۔

دہشت گردی کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن “غضب للحق” جاری ہے۔ 29 جون کو افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے ڈیمارش دیا گیا جس کی وجہ دہشت گردی میں ملوث ایک افغان شہری کی گرفتاری تھی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان زیتون کی کاشت میں نمایاں کارکردگی کے باعث اولیو کونسل کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد اولیو ڈپلومیسی کو فروغ دے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نے بھارتی جیلوں میں قید اپنے 750 شہریوں کی فہرست بھارت کے حوالے کر دی ہے اور حکومت ان کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گی۔

پاک بھارت وزرائے اعظم کو لکھے گئے خط سے متعلق سوال پر ترجمان نے تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ خط لکھنے والی شخصیات اپنی ذاتی حیثیت میں یہ اقدام کر رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version