Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فیلڈ مارشل کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ، سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا۔

کوئٹہ: آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی جہاں انہیں بلوچستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران ادارہ جاتی رابطہ کاری اور صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے معاونت سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا۔

انہوں نے امن کے استحکام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ امن کے استحکام سے پائیدار معاشی سرگرمیوں اور ترقی کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح ریاست کی کوششوں کا مرکز ہے جب کہ مستحکم اور محفوظ ماحول ترقیاتی اقدامات، معاشی مواقع اور صوبے کے عوام کے بہتر مستقبل میں معاونت جاری رکھے گا۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور فرائض کی ادائیگی میں افسران اور جوانوں کی ثابت قدمی اور لگن کو سراہا۔

کوئٹہ پہنچنے پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version