راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج کے 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 خوارج کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 31 اگست اور یکم ستمبر کو ہونے والی کارروائیوں کے بعد علاقے میں چھپے مزید خوارج کی موجودگی کا سراغ ملا جس پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 10 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کے گروہ کی نقل و حرکت دیکھی گئی جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 7 خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دو الگ جھڑپوں کے دوران مزید 4 خوارج مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی مسلسل موجودگی افغان طالبان رجیم کی ناکامی کا ثبوت ہے، طالبان رجیم افغان سرزمین کے دہشت گردی کے لیے استعمال کی روک تھام میں ناکام ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان مؤثر بارڈر مینجمنٹ اور انسداد دہشت گردی کی عالمی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی ناکام رہے۔ علاقے میں مزید بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ فتنہ انگیز اور غیرملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا عزم استحکام آپریشن پوری رفتار سے جاری رہے گا، فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔
