Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیر اعظم کی سعودی عرب میں حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت

پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب میں حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہریوں اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانا بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

ایکس پر جاری اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ حوثیوں کے حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، ایسے بزدلانہ حملے معصوم جانوں اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

وزیراعظم نے سعودی عرب میں حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

شہباز شریف نے سعودی قیادت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے بھی اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

شہباز شریف نے زور دیا کہ شہریوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حملے نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ خطے کے امن اور سلامتی کو بھی متاثر کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں